صحافت اور ادب کا ایک معتبر اعزاز "پولٹزر انعام" جیتنے والی تحقیقاتی صحافی اور مصنفہ امانڈا بینٹ کو امریکی حکومت کے سب سے بڑے بین الاقوامی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ (وی او اے) کی نئی ڈائریکٹر چن لیا گیا ہے۔
وی او اے اور دیگر چار امریکی نشریاتی اداروں کی نگرانی کرنے والے براڈ کاسٹنگ بورڈ آف گورنرز (بی بی جی) کے ایک بیان کے مطابق وہ 18 اپریل کو واشنگٹن میں وی او اے کے ہیڈکوارٹرز میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔
امانڈا بینٹ ’بلومبرگ نیوز‘ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دے چکی ہیں جہاں انہوں نے 2013 تک تحقیقاتی صحافیوں اور مدیروں کی ایک بین
الاقوامی ٹیم تشکیل دی اور ان کی نگرانی کی۔
اس سے قبل وہ ’فلاڈیلفیا انکوائرر‘ کی مدیر تھیں۔ انہوں نے دو دہائیوں تک ’وال سٹریٹ جرنل‘ میں مدیر اور رپورٹر کی حیثیت سے بھی کام کیا جہاں انہیں اور ان کے ساتھیوں کو مشترکہ طور پر رپورٹ کرنے پر پولٹزر انعام دیا گیا کہ عوامی صحت کے حکام نے کس طرح زیادہ پبلک فنڈنگ اور مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے ایڈز کی وبا کو غلط انداز سے پیش کیا۔
بی بی جی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جان لینسنگ نے کہا کہ ’’میں پراعتماد ہوں کہ امانڈا 21 ویں صدی کے وسیع میڈیا چیلنجوں میں وی او اے کی قیادت کے لیے بہترین شخصیت ہیں۔‘‘
امانڈا بینٹ چھ کتابوں کی مصنفہ بھی ہیں۔